گاندھی خاندان کے تینوں ارکان قائدانہ رول ادا کریں : کانگریس

نئی دہلی۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی کے پارٹی اُمور میں وسیع تر رول کے اشاروں کے دوران کانگریس نے آج کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ گاندھی خاندان کے تمام تین ارکان قائدانہ رول ادا کریں۔ سونیا گاندھی کانگریس کی صدر ہیں اور راہول گاندھی نائب صدر ہیں۔ میڈیا میں یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ پرینکا گاندھی بحیثیت جنرل سیکریٹری ذمہ داری سنبھالیں گی۔ پارٹی ترجمان شوبھا اوزا نے میڈیا کو بتایا کہ ہندوستان میں تمام لوگ یہی چاہتے ہیں کہ گاندھی خاندان کے سب ارکان سیاست میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھی یہ خواہش ہے کہ تینوں کو پارٹی کی ذمہ داری سنبھالنا چاہئے۔ وہ الہ آباد میں منظر عام پر آئے ایک پوسٹر کے بارے میں سوال کا جواب دے رہی تھیں۔ اس پوسٹر میں یہ دعویٰ کیا کہ پرینکا گاندھی عنقریب سرگرم سیاست میں شامل ہونے والی ہیں۔ کانگریس نے اس پوسٹر سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔