گاندھی جی کے قاتل گوڈسے کی کتاب کی آج اجرائی پر تنازعہ

پاناجی، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گوا کی نوتشکیل شدہ گوا فارورڈ پارٹی نے گاندھی جی کی برسی کے موقع پر ہی کل 30 جنوری کو منعقد شدنی نتھورام گوڈسے کی کتاب کی رسم اجرائی کی تقریب کی مخالفت کی ہے۔ گاندھی جی کے قاتل کی کتاب کی رسم اجرائی کیلئے جس تاریخ کا انتخاب کیا گیا ہے، اس پر اعتراض کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ یہ کتاب انوپ اشوک سرویسانی نے تحریر کی ہے۔ کتاب کی رسم اجراء کل سرکاری عمارت رویندر بھون میں مقررہے۔ پارٹی نے کہا کہ اس طرح کے غیر حب الوطن کاز کیلئے سرکاری عمارتوں کا استعمال فوری روک دینا چاہئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے احتجاج کو مختلف گوشوں کی حمایت حاصل ہے اور آزاد رکن اسمبلی وجئے سردیسائی کے بشمول کئی قائدین احتجاج کررہے ہیں۔