گاندھی جینتی پر سوشلسٹ پارٹی کا بھارتیہ ریل بچاؤ دھرنا

نئی دہلی، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)بابائے قوم گاندھی جی کی جینتی کے موقع پرسوشلسٹ پارٹی 2 اکتوبر کو یہاں بھارتیہ ریل بچاؤ دھرنا کا انعقاد کر رہی ہے ۔ آج یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں پارٹی نے کہا کہ مودی حکومت جس طرح پی پی پی ماڈل (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ) کے تحت 23 ریلوے اسٹیشنوں کی نجکاری کر رہی ہے اور ریلوے کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کررہی ہے اس کی مخالفت میں سماج وادی فکر سے منسلک لیڈران، کارکنان اور ریلوے کے قائدین 2 اکتوبر کو دھرنا و مظاہرہ کا انعقاد کریں گے ۔ اس دھرنا میں ممتاز صحافی کلدیپ نیئر،شمالی ریلوے امپلائزیونین کے لیڈر کامریڈ شیو گوپال، دہلی یونیورسٹی ٹیچرس یونین کے صدر راجیو رے ،اساتذہ کے لیڈر ششی شیکھر سمیت درجنوں قد آور لیڈران حصہ لیں گے ۔یہ دھرنا 12بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔ سوشلسٹ پارٹی کے صدر ڈاکٹر پریم سنگھ نے کہا کہ جس ریلوے میں کروڑوں ملازمین محنت کر رہے ہیں اسے سرمایہ داروں کو فروخت کرکے یہ حکومت اس کی نجکاری کر نے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ حکومت کے اس اقدام کی مخالفت میں ہمیں عوام کے ساتھ میدان میں آنا ہوگا۔مودی حکومت ریل کے مسافروں کو نہ تو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور نہ ہی انہیں مناسب تحفظ مل رہا ہے ۔یہ حکومت ایک لاکھ کروڑ کا قرض لے کے بلیٹ ٹرین لا رہی ہے جس سے اس کی سوچ کا پتہ چلتا ہے ۔