گاندھی بھون میں بلدی انتخابی مقابلہ کے لیے درخواستوں کا ادخال

خصوصی کاونٹر کا قیام ، آج کانگریس پارٹی کا اہم اجلاس ، خصوصی کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے کانگریس کی 16 رکنی منشور کمیٹی کا اعلان کیا ہے ۔ جس کا پہلا اجلاس 5 جنوری کو گاندھی بھون میں منعقد ہوگا ۔ اور 8 جنوری کو کانگریس پارٹی اپنا منشور جاری کرے گی ۔ آج پارٹی آفس میں کانگریس کی سرگرمیاں جاری رہیں ۔ پارٹی کے کئی سینئیر و جونیر قائدین نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف مسائل پر بات چیت کی ۔ ٹکٹ کے دعویدار کئی قائدین نے اپنی درخواستیں پیش کیں ، درخواست قبول کرنے کے لیے گاندھی بھون میں خصوصی کاونٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ کانگریس پارٹی کے مختلف قائدین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کمیٹی کا اعلان کیا ہے ۔ جن میں 10 خصوصی مندوبین شامل ہیں ۔ اس کمیٹی میں ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک ، قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر سابق مرکزی وزراء ایس جئے پال ریڈی ، سروے ستیہ نارائنا ، سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خان صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر صدر ضلع رنگاریڈی کانگریس کمیٹی مسٹر کے ملیش صدر ضلع میدک کانگریس کمیٹی مسز وی سنیتا لکشما ریڈی کے علاوہ کمیٹی کے دوسرے ارکان میں مسٹر ٹی ناگیا ، مسٹر انجن کمار یادو مسٹر جے کسم کمار مسٹر کملا کر راؤ ، مسٹر کودنڈا ریڈی ، مسٹر ڈی سدھیر ریڈی ، مسٹر جی نرنجن ، مسٹر شیام موہن ، مسٹر ایم اے خاں ، مسٹر محمد سراج الدین ، مسٹر اے کرشنا ، مسٹر جگن لعل نائک ، ڈاکٹر اے این سنگھ ، مسٹر ایم آدتیہ ریڈی ، مسز بنڈا کارتیکا ریڈی ، مسٹر جی راجکمار شامل ہیں ۔ کانگریس منشور کمیٹی کا پہلا اجلاس 5 جنوری کو دوپہر گاندھی بھون میں منعقد ہوگا اور 8 جنوری کو منشور جاری کیا جائے گا ۔ منشور کمیٹی کے ارکان کو منشور پر خصوصی توجہ دینے اور سماج کے تمام طبقات کی ترقی بہبود اور شہر کی ترقی کو بھی نظر میں رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ منشور میں مسلمان اور سٹیلرس پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لیے کانگریس خصوصی حکمت عملی تیار کررہی ہے ۔ کامیاب ہونے والے طاقتور امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو بھی پارٹی کے سینئیر قائدین ٹکٹ کے لیے ناموں کی سفارش کررہے ہیں انہیں امیدوار کی کامیابی کی ذمہ داری قبول کرنے پر زور دیا جارہا ہے ۔۔