گائے کو ہلاک کرنے والے تین ملزمین کے سر مونڈھ دیئے گئے

علی راج پور (مدھیہ پردیش) ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) علی راجپور ضلع (مدھیہ پردیش) کی پولیس نے تین افراد کو مبینہ طور پر گائے کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ برہم مقامی افراد نے ملزمین کے سر مونڈھ دیئے۔ بعدازاں انہیں پولیس کے حوالے کیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار ڈی ایس پی ویپل کھرے نے کہا کہ 21 سالہ عمران، 21 سالہ اندو بھوریا، 20 سالہ منگوبھوریا کو دیہات مہتاڑا میں مبینہ طور پر ایک گائے کو ذبح کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیاگیا۔ نہال سنگھ کی ملکیت گائے کو مبینہ طور پر عمران نے ذبح کیا تھا۔ قبل ازیں اسے چرایا گیا تھا۔ تین ملزمین کے سر مونڈھنے کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کیا گیا۔ پولیس نے گوشت ضبط کرکے اس کے نمونے جانچ کیلئے تاکہ معلوم ہوسکے کہ یہ بیف ہے یا نہیں، روانہ کردیئے۔