ہندوستانی کلچر میں گائے ایک مقدس جانور ،ہریانہ کے وزیر کا بیان
انبالہ (ہریانہ)۔7 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) گاؤکشی پر جاری سیاسی کھیل کے درمیان ہریانہ کے وزیر صحت انیل وجے نے آج مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ گائے کو ایک قومی جانور قرار دیں۔ وجے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں وزیراعظم نریندر مودی کو ایک درخواست روانہ کریں گے۔ قبل ازیں آج صبح وجئے نے جو انبالہ کنٹونمنٹ سے پانچ مرتبہ منتخب ہونے والے رکن اسمبلی ہیں، ٹوئٹر پر پیام پوسٹ کیا تھا کہ گائے کو ہندوستان کا قومی جانور قرار دیا جانا چاہئے۔ رائیل بنگال ٹائیگر کے بجائے گائے کو قومی جانور قرار دیا جانا چاہئے۔ وجئے نے یہ بھی کہا کہ گائے ہندوستانی کلچر میں نہایت میں مقدس ترین جانور ہے اور ملک کے کئی حصوں میں اس کی پوجا کی جاتی ہے۔ وزیر صحت ہریانہ کا یہ تبصرہ اس تنازعہ کے پس منظر میں آیا ہے کہ اترپردیش کے ایک موضع دادری میں بشاڑ مقام پر 50 سالہ مسلم شخص کا گائے کا گوشت کھانے کی افواہ پر قتل کردیا گیا۔ ہریانہ اسمبلی میں احتجاج کرتے ہوئے گائے کے تحفظ کے لئے پرزور مطالبہ کرنے کیلئے مشہور اس ریاستی وزیر نے اس سال مارچ میں ایک بل بھی منظور کروایا تھا جس میں ریاست کے اندر گاؤکشی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ گائے کاٹنے والوں کو 3 تا 10 سال کی سزا کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔