نئی دہلی۔/3اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) گھر واپسی پروگرام پر پہلے ہی سے تنازعہ کا شکار ہندوتواکے مبلغ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے اب گائے کو’ راشٹریہ ماتا‘ قرار دینے کی مہم شروع کردی ہے اور یہ ادعا کیا کہ ان کا یہ مطالبہ ہر ایک ہندوستانی کے جذبات کا مظہر ہے۔ متنازعہ یوگی کی زیر قیادت تنظیم ہندو یوا واہنی نے علیگڑھ میں Missed Call سکریش مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ مقدس گائے کی حفاظت ( سنسرکھش) اور افزائش ( سموردھن ) کے حق میں تائید حاصل کی جائے۔ اتر پردیش میں گورکھپور کے ایم پی 42سالہ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گائے کو راشٹریہ ماتا کا درجہ حاصل کرنے کیلئے یہ مہم اہمیت اختیار کرگئی ہے اور ہماری یہ مہم ہر ایک ہندوستانی کی آواز ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی سنستھان روایت کے مطابق گائے کو ہمارے سماج میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ہندو دھرم میں گائے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے کیونکہ یہ زرعی معیشت کو فروغ دینے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر گائے کیلئے خصوصی درجہ حاصل کرنا ممکن نہیں ہے لہذا ہم چاہتے ہیں کہ کم از کم ہندوستان میں ایسا ہو۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ مس کال سبکرپشن مہم کی وشوا ہندو پریشد جیسی دیگر زعفرانی تنظیموں کی تائید حاصل ہوگی۔
آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہم نے یہ مہم ایک عام شہری کی حیثیت سے شروع کی ہے جس کا ردعمل بہت جلد دیکھا جائے گا۔ گائے ماتا مہم کی تائید میں کسی بھی شخص کو صرف سیل فون نمبر 0753407511 پر ڈائیل کرنا ہوگا، اور ٹیلی فون کرنے والے شخص کے نمبر کو حامیوں میںشمار کرلیا جائے گا تاہم انہیں جوابی پیام یا دوبارہ کال نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دائیں بازو کی ہندوتوا تنظیموں کی نظریاتی سرپرست آر ایس ایس نے گذشتہ ماہ گائے کی نسل کی حفاظت کیلئے آواز بلند کی تھی اور کہا تھا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں ذبیحہ گاؤ پر پابندی کیلئے محض قانون کا نفاذ کافی نہیں ہے
اور گذشتہ ماہ ناگپور میں آل انڈیا پرتی ندھی سبھا کے اختتام پر جنرل سکریٹری آر ایس ایس سریش جوشی نے کہا تھا کہ ذبیحہ گاؤ کے خلاف قانون پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ جس کے بعد ہریانہ میں بی جے پی حکومت نے بیف کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے جس کی خلاف ورزی پر 10سال کی قید بامشقت سزا ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں مہاراشٹرا میں بھی ذبیحہ گاؤ پر 5سال کی سزائے قید اور 10ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مہاراشٹرا کے حساس علاقہ مالیگاؤں میں پولیس نے مویشیوں کے مالکین کو یہ حکم دیا ہے کہ اپنے جانوروں کی تصاویر فراہم کریں تاکہ پابندی پر موثر عمل آوری کیلئے جانوروں کی شناخت کی جاسکے۔