ممبئی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ مہاراشٹرا کے وزیر مملکت برائے داخلہ رنجیت پاٹل کو برطرف کردیا جائے کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر سناتن سنستھا کے کارکن گائیکوار کے خلاف ثبوت موجود نہ ہونے کا ادعا کیا تھا۔ سمیر گائیکوار کو گووند پنسارے قتل مقدمہ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ وکھے پاٹل نے رنجیت پاٹل کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک وزیر مملکت کو اختیار نہیں ہوتا کہ وہ اس بات پر اظہارخیال کرے کہ کسی ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہے یا نہیں اس نے رازداری کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ داخلہ کا قلمدان چیف منسٹر دیویندر فرنویس کے پاس ہے۔ پاٹل نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ سمیر گائیکوار صرف شبہ کی بناء پر زیرحراست میں ہیں، ان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔
سومناتھ بھارتی کا کتا بے قصور
نئی دہلی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کے پالتو کتے کو ایک مقامی عدالت نے بے قصور قرار دیا کیونکہ اس پر سومناتھ بھارتی کی بیوی کو کاٹنے کے الزام کو ثابت نہیں کیا جاسکا۔ ایڈیشنل سیشن جج انیل کمار نے کہا کہ مقدمہ کی ڈائری مورخہ 30 ستمبر کے مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہیکہ مویشیوں کے ڈاکٹروں نے درخواست گذار کا معائنہ کیا تھا کیونکہ انہوں نے شکایت کی تھی کہ انہیں پالتو کتے سے کٹوایا گیا ہے۔