گاؤ رکھشادل کا سربراہ بدفعلی اور جبری رقمی وصولی کے الزام میں گرفتار

پٹیالہ۔22اگست ( سیاست ڈاٹ کام) گاؤرکھشا دل کے سربراہ ستیش کمار کو بدفعلی ‘ تشدد اور جبری رقمی وصولی کے علاوہ دیگر کئی الزامات پر گرفتار کرلیا گیاہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اغوا کے الزامات پر مقدمہ درج کرنے کے بعد وہ مفرور تھا ۔ ستیش کمار کے خلاف 6اگست کو ایک مقدمہ اُس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد درج کیا گیا جس میں گاؤ رکھشا دل کے ارکان کو عوام کو زدوکوب کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا ۔ یہ ویڈیو دراصل دو سال قبل سوشل میڈیا پر پیش کیا گیا اور تیزی سے پھیل گیا تھا ۔ستیش پر سہارن پور میں ایک نوجوان کے اغوا کا بھی الزام ہے جس کے ساتھ ستیش کے غنڈو نے بدفعلی کی تھی ۔ اس نوجوان نے بتایا کہ اس کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا گیا ۔ ایک اور متاثرہ شخص نے بھی شکایت کی کہ نام نہاد گاؤرکھشکوں نے اسے محروس رکھا اور ساز و سامان لوٹنے کے علاوہ اس کا سرمونڈھ دیا ۔