گاؤں سے کوئی چیز کی آج سے شہر منتقلی نہیں:کسان سنگھ

اجین، 3جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کی سرحد سے ملحق مدھیہ پردیش میں کسانوں کی ہڑتال کے درمیان بھارتیہ کسان سنگھ نے آج سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ آج سے گاؤں بند منایا جائے گا جس کے تحت گاؤں سے دودھ اور سبزی جیسی کوئی بھی چیز شہروں میں نہیں جائے گی۔ بھارتیہ کسان سنگھ کے علاقائی سربراہ شیو کانت دکشت نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کسان سنگھ آج سے گاؤں بند شروع کررہا ہے ۔گاؤں سے دودھ، پھل، سبزی جیسی کوئی چیز شہروں میں نہیں جائے گی ۔ ہم نے حکومت کے سامنے دو شرطیں رکھی ہیں، جن میں پیاز کی خریداری اور پچھلے دو دن میں تحریک کے دوران کسانوں پر درج معاملات واپس لینا شامل ہے۔ یہ مطالبات کی تکمیل تک اور کچھ بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسان سنگھ خوردنی اشیا کوپھینکنے کے سخت خلاف ہے۔ دکشت نے دعویٰ کیا کہ تحریک کے سلسلے میں چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان نے ان سے دو مرتبہ فون پر بات کی لیکن انہوں نے اپنے مطالبات پورا نہیں ہونے تک مزید بات چیت نہیں کرنے کے موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھا الیکشن کے دوران کسانوں کی قرض معافی سے متعلق تمام وعدوں کے سلسلے میں کسان سنگھ 5 سے 15 جولائی تک مدھیہ پردیش کے عوامی نمائندوں کا محاصرہ کرے گا ۔