بریلی : گؤ کشی کے الزام میں پولیس کی پٹائی سے زخمی گوشت تاجر کی موت وا قع ہوگئی ۔ اس معاملہ میں پولیس کی ناقص کارروائی پر مقتول کے اہل خانہ زبر دست احتجاج کیا ۔
ذرائع کے مطابق تھا نے بارہ دری کے ثقلین نگر کے ساکن گوشت تاجر محمد سلیم کی کانکر ٹولہ پولیس چوکی کے نزدیک گوشت کی دکان ہے ۔۱۴؍ جون کو پولیس کے جوان سلیم کو گؤ کشی کے الزام میں گھر سے گرفتار کر کے لے گئے ۔
او ر پولیس اسٹیشن میں سلیم کی بے تحا شہ پٹائی کی ۔زخمی حالت میں سلیم کو لب سڑک چھوڑکر چلے گئے ۔اطلاع ملتے ہی سلیم کے گھر والے سلیم کو قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں دہلی لے جانے کا مشورہ دیا۔دہلی میں علاج کے دورا ن محمد سلیم کی موت ہوگئی ۔
جب سلیم کی نعش بریلی پہنچی تو اہل خانہ نے زبر دست احتجاج کیا ۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ صرف شک کی بنیاد پر سلیم کی پٹائی کی گئی جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی ۔اہل خانہ نے قصور وار پولیس اہل کاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔