ک500 کی نوٹ پر ایل پی جی گیاس خریدنے کی اجازت

دواخانوں ، میڈیکل ، ریلوے ٹکٹ اور بس ٹکٹس کی خریدی کے لیے بھی کارکرد
حیدرآباد۔2۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک میں 500کی منسوخ کرنسی نوٹ اب بھی چند مقامات پرکارکرد رہے گی ۔ 500کی کرنسی نوٹ ایل پی جی گیاس کی خریدی کیلئے ادا کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح یہ کرنسی نوٹ سرکاری دواخانوں میں ادائیگی ‘ ادویات کی خریدی ‘ ریلوے ٹکٹ کی خریدی‘ بس ٹکٹ کی خریدی کیلئے قابل استعمال رہے گی۔ کو آپریٹیو سوسائیٹیز کی جانب سے چلائے جانے والے اداروں میں یہ نوٹ قبول کی جائے گی اور دودھ جو سرکاری و نیم سرکاری ڈیری سے فروخت کیا جاتا ہے وہاں اس کرنسی نوٹ کے ذریعہ ادائیگی ممکن ہے۔ عدالتوں میں کورٹ فیس کیلئے 500کے کرنسی نوٹ قابل قبول رہیں گے اسی طرح مرکزی و ریاستی اسکول و کالجس میں فیس کی ادائیگی کیلئے 500کی کرنسی قابل استعمال رہے گی۔پری پیڈ موبائیل ریچارج بھی 500کی کرنسی نوٹ کے ذریعہ کروایا جاسکتا ہے۔ گھریلو صارفین کی جانب سے برقی و آبرسانی بقایاجات کی ادائیگی بھی 15ڈسمبر تک ممکن ہے۔ ٹرین کے سفر کے دوران گاڑی میں موجود کینٹین میں بھی 500کی کرنسی نوٹ کارکرد رہے گی۔جن مقامات پر میٹرو ریل چلائی جاتی ہے۔ ان ٹرینوں کے ٹکٹ کی خریدی کیلئے 500کی منسوخ کرنسی ادا کی جاسکتی ہے۔ مرکزی و ریاستی حکومت کے ٹیکس کی ادائیگی اور ادارہ جات مقامی میں محصولات کی ادائیگی کیلئے بھی یہ کرنسی کارکرد رہے گی لیکن پیشگی ادائیگیوں کیلئے یہ کرنسی ناقابل قبول رہے گی۔ اسی طرح 500کے کرنسی نوٹ قبرستان میں بھی ادا کئے جا سکتے ہیں اور کسان ان نوٹوں کے ذریعہ تخم کی خریدی کرسکتے ہیں۔ بیرونی سیاحوں کو پاسپورٹ میں اندراج کے ساتھ 5000روپئے تک کرنسی کی تبدیلی کا اختیار حاصل رہے گا۔ حکومت نے 2ڈسمبر کی درمیانی شب سے ٹول بوتھ ‘ پٹرول پمپ اور فلائٹ ٹکٹ کی خریدی کے لئے 500کی منسوخ کرنسی کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ شاہراہوں پر 200سے زائد کے ٹول ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں 500روپئے کی نوٹ قبول کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ممحکمہ آثار قدیمہ کے زیر انتظام سیاحتی مقامات کے ٹکٹ کیلئے 500روپئے کی کرنسی نوٹ قابل ادا رہے گی لیکن جن مقامات پر نوٹ قابل ادا ہے ان پر صرف 15ڈسمبر تک ہی یہ نوٹ قبول کی جائیں گی۔