ک2014-15کے دوران مرکزی ملازمتوں میں 9,303 اقلیتوں کی بھرتی

عوامی بینکوں میں 5,572 ‘نیم فوجی فورسس میں 2,303 تقررات ‘لوک سبھا میں بنڈارو دتاتریہ کا بیان
نئی دہلی 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ کو آج مطلع کیا گیا کہ مالیاتی سال 2014-15 کے دوران مرکزی حکومت ‘عوامی شعبہ کے ادارجات اور بینکوں میں اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے 9,303 افراد کی بھرتیاں کی گئیں۔ وزیر محنت بنڈارو دتاتریہ نے تحریر جواب میں لوک سبھا کومطلع کیا کہ ملک بھر میں اقلیتی طبقات کے افراد کیلئے مختص 8.5 فیصد جائیدادوں کے تحت 9,303تقررات کئے گئے ۔ وزیر محنت کے بیان کے مطابق سرکاری حکومت کی وزارتوں ‘محکمہ جات اور متعلقہ دفاتر میں گذشتہ مالیاتی سال کے دوران اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے 651 افراد کے تقررات کئے گئے۔ عوامی شعبہ کے بینکوں اور مالیاتی ادارہ جات میں اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے 5,572 افراد کی بھرتیاں کئے ہیں۔ نیم فوجی فورسس میں اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے 2,303 افراد کی بھرتیاں عمل میں آئیں۔ محکمہ ڈاک نے گذشتہ مالیاتی سال 777 اقلیتی افراد کے تقررات کئے تاہم عوامی شعبہ کے ادارہ جات میں ایسی بھرتیوں کی جامع تفصیلات دستیاب نہیں ہے۔ 1992 کے قومی کمیشن برائے اقلیت قانون کے تحت اقلیتی طبقات میں مسلمانوں کے علاوہ سکھ ‘ عیسائی ‘ بدھ ‘ پارسی اور جین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سرکاری حکومت کے مختلف محکمہ جات کے علاوہ بینکوں اور نیم فوجی فورسس میں اقلیتوں کے تقررات کو یقینی بنانے کیلئے ماضی میں یو پی اے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے گئے تھے۔ اس ضمن میں سچر کمیٹی کی سفارشات کو روبعمل لاتے ہوئے اقلیتوں کی بھرتیوں کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔