حیدرآباد۔/26جنوری، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے آندھرا پردیش سے راجیہ سبھا میں چھ عہدوں کو پُر کرنے کیلئے دو سالہ انتخابات کیلئے اس کے قائد کے کیشو راؤ کو امیدوار بنانے کا آج اعلان کیا۔ مسٹر کیشو راؤ جنہوں نے بحیثیت صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی خدمات انجام دی ہیں، راجیہ سبھا کیلئے 27یا 28جنوری کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ ٹی آر ایس نے اس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ریلیز میں یہ بات کہی ہے۔ ریاستی اسمبلی میں ٹی آر ایس کے 17ارکان اسمبلی ہیں اور اسے تلگودیشم پارٹی کے پانچ باغی ارکان کی تائید حاصل ہوسکتی ہے۔ ہنوز پارٹی کے پاس اس کے امیدوار کیلئے کم از کم 39 ووٹس کی درکار تعداد نہیں ہے۔ اس دوران حکمران کانگریس اور اہم اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کی جانب سے ان کے امیدواروں کا اعلان کیا جانا ہے۔
کانگریس 146ارکان اسمبلی کے ساتھ اپنے طور پر تین نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ تاہم حکمران جماعت کو امکان ہے کہ بغاوت کے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ سیما آندھرا کے ارکان اسمبلی ریاست کو تقسیم کرنے کے پارٹی کے فیصلہ سے ناراض ہیں۔ کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی جے سی دیواکر ریڈی اور ایک ایم ایل سی جو دونوں سیما آندھرا سے تعلق رکھتے ہیں کہا جاتا ہے کہ اس میدان میں اُترنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ تلگودیشم پارٹی 74کی تعداد کے ساتھ دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے اگرچیکہ اس کیلئے پارٹی کو چار ارکان کی کمی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی یہ اعلان کرچکی ہے کہ وہ 7فبروری کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں اس کے امیدوار کو نہیں اُتارے گی۔