سکریٹریٹ میں پارٹی اور سرکاری ملازمین و ٹیچرس کی تقاریب
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) سکریٹریٹ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کیلئے آج مختلف اداروں کی ڈائریز اور کیلنڈرس کی رسم اجرائی کا دن تھا۔ انہوں نے آج اپنا تقریباً وقت پارٹی اور سرکاری ملازمین و ٹیچرس کی جانب سے تیار کردہ ڈائریز کی رسم اجراء میں صرف کیا۔ چندر شیکھر راؤ نے آج ٹی آر ایس کے یوتھ ونگ کی جانب سے تیار کردہ پارٹی ڈائری اور موبائیل ایپ کی رسم اجراء انجام دی۔ اس سلسلہ میں سکریٹریٹ میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی۔ یوتھ ونگ کی جانب سے تیار کئے گئے موبائیل ایپ میں سرکاری عہدیداروں، سرکاری دفاتر، ٹی آر ایس پارٹی، میڈیا اور دیگر اہم اور ہنگامی خدمات سے متعلق فون نمبرات اور دیگر تفصیلات شامل ہیں۔ اس موقع پر یوتھ ونگ کے صدر بی رام موہن، اسٹیٹ کوآرڈینیٹر دھرمیندر ریڈی، جنرل سکریٹری ستیش ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹریٹ اسوسی ایشن کی ڈائری کی رسم اجراء بھی انجام دی۔ ڈائری کے علاوہ کیلنڈر اور ٹیبل کیلنڈر بھی چیف منسٹر نے جاری کیا۔ اس موقع پر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو میں ملازمین کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہیئے۔ اسوسی ایشن کے صدر این نریندر راؤ، معاون صدر این شنکر، جنرل سکریٹری جی لکشمی نارائنا، آرگنائزنگ سکریٹری شوبھن بابو، سکریٹری یوسف میاں کے علاوہ اسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کریم نگر ضلع پریشد کی جانب سے تیار کردہ ڈائری کی رسم اجراء انجام دی۔ ضلع پریشد کی صدرنشین ٹی اوما، وزراء ایٹالہ راجندر، کے ٹی راما راؤ، ٹی ہریش راؤ اور پارلیمنٹری سکریٹری وی ستیش اس موقع پر موجود تھے۔ کے سی آر نے اسٹیٹ ٹیچرس یونین کی تیار کردہ ڈائری کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر ٹیچرس یونین کے جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، صدر راجی ریڈی، سکریٹری بھوجنگ راؤ اور سینئر جرنلسٹ سرینواس ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔