کے چندر شیکھر راؤ پر مسلمانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کا الزام

بڑے وعدے ، صرف ایک مسلم امیدوار کو ٹکٹ ، مستقبل میں انصاف کی امید نہیں ، پنالہ لکشمیا

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے مسلمانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کا سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا ۔ 80 فیصد ٹکٹس مخالف تلنگانہ ، قبضہ داروں اور تحریک میں حصہ نہ لینے والوں کو دینے کا دعویٰ کیا ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے صرف ایک اسمبلی کا ٹکٹ دینے پر حیرت کا اظہار کیا ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس سیاسی مفادات کے لیے تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہے ۔ مگر چیف منسٹر بننے کا انکا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا کیوں کہ 2009 کے عام انتخابات میں 17 لوک سبھا میں صرف 2 حلقوں پر اور 119 اسمبلی حلقوں میں 10 حلقوں پر کامیاب ہونے والی ٹی آر ایس 2014 کے عام انتخابات میں تنہا مقابلہ کرتے ہوئے کہاں کامیاب ہوگی اور کیسے اپنے منشور پر عمل کرے گی ۔ ٹی آر ایس صرف ضمنی انتخابات کی ہیرو اور عام انتخابات کی زیرو پارٹی ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس نے انہیں ( پنالہ ) کو جیل بھیجنے کا اعلان کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید کے چندر شیکھر راؤ بھول گئے ہیں کہ انہیں سی بی آئی نے کلین چٹ دیا ہے ۔ تلنگانہ تحریک چلانے کا دعویٰ کرنے والی ٹی آر ایس نے اپنی پہلی فہرست میں 80 فیصد ایسے امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے جن کا تلنگانہ تحریک سے کوئی واسطہ نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس صرف سیاسی مفاد پرستی کو اہمیت دے رہی ہے ۔ اصولوں کو نظر انداز کررہی ہے ۔

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اپنے انتخابی منشورمیں ٹی آر ایس نے مسلمانوں کو 12 فیصد سیاسی تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے مگر تعجب اس بات کا ہے کہ صرف ایک مسلم قائد کو اسمبلی کا امیدوار بنایا گیا ہے ۔ مسلمانوں کی تائید حاصل کرنے کے لیے ان کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہائے گئے ہیں دوسری طرف ٹی آر ایس فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کرنے کے لیے بے چین ہے ۔ اس کا مسلمانوں کو صدر ٹی آر ایس جواب دیں ۔ کانگریس پارٹی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے اور تلنگانہ ریاست کی ترقی میں بھی اہم رول ادا کرے گی ۔ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی اپنے منشور کے ذریعہ بہت جلد اپنی پالیسی کا اعلان کرے گی ۔۔