کانگریس اقتدار حاصل کرے گی ، سبیتا اندرا ریڈی کا ادعا
شمس آباد ۔9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : شمس آباد منڈل کے مواضعات نرکھوڈہ ، رانجا پور ، سلطان پلی ، کاچارم ، رائنا گوڑہ ، اور تناجپور میں سابق ہوم منسٹر مسز سبیتا اندرا ریڈی اور کارتک ریڈی چیوڑلہ پارلیمانی انچارج نے دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ محترمہ سبیتا اندرا ریڈی نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ چندر شیکھر راؤ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ ٹی آر ایس صرف جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرتے ہوئے ریاست کو قرض میں مبتلا کردیا ۔ گھر گھر پانی کی سربراہی کا وعدہ بھی پورا نہ ہوسکا ۔ 12 فیص تحفظات پر بھی عمل کرنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ جھوٹے اعلانات اور عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اب دسمبر کے انتخابات میں مزید وعدوں کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جائے گی لیکن عوام اب ان کی تمام چیزوں سے واقف ہوچکی ہے ۔ کانگریس کے دور میں ہی ترقی ہوئی تھی اور کانگریس کے دور میں مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ۔ کانگریس وعدوں کو پورا کرے گی ۔ انتخابی منشور میں کانگریس جو وعدے کرے گی اقتدار پر آنے کے بعد تمام وعدوں کی تکمیل کے لیے سنجیدگی سے اقدام کرے گی ۔ پی کارتک ریڈی چیوڑلہ پارلیمانی انچارج نے کہا کہ چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ میں کانگریس کے دور میں ہی ترقی ہوئی ایرپورٹ تعمیر کیا گیا آوٹر رنگ روڈ و دیگر ترقیاتی کام انجام دئیے گئے ۔ کرشنا ندی کا پانی بھی کانگریس پارٹی کے دور میں ہی سربراہ کیا گیا ۔ ٹی آر ایس پارٹی صرف عوام کو دھوکہ دینے کے علاوہ ریاست کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ ریاست میں صرف ایک ہی خاندان کی فلاح و بہبود ہوئی ۔ عوام خود انہیں انتخابات میں جواب دے گی ۔ کانگریس ہر طبقہ کی ترقی کے لیے کام کرتی آئی ہے اور ہر طبقہ کے مسائل کو حل کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔