کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں بی جے پی اور مودی لہر کو ناکام بنادیا

عوام کا ٹی آر ایس پر بھرپور اعتماد، ٹی آر ایس نومنتخب رکن اسمبلی کے ٹی آر کا بیان

حیدرآباد /16 مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے نومنتخب رکن اسمبلی کے ٹی آر نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے ملک بھر میں چلنے والی مودی اور بی جے پی لہر کو تلنگانہ میں ناکام بنادیا۔ انھوں نے حلقہ اسمبلی سرسلہ سے شاندار کامیابی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنی تشکیل سے آج تک صرف علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو اپنا ایجنڈا بناکر کام کیا اور لمحۂ آخر تک جدوجہد جاری رکھتے ہوئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس کی جدوجہد سے واقف ہیں، اس لئے عام انتخابات میں انھوں نے ٹی آر ایس پر اعتماد کا اظہار کیا، جس کے لئے ہم عوام کے مشکور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نئی ریاست میں پہلی حکومت تشکیل دینے والی ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں، ان سب پر عمل آوری ہوگی اور ٹی آر ایس ہمیشہ عوام کی احسان مند اور خدمت گزار رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ سارے ملک میں مودی لہر کا سامنا کرنے والی واحد جماعت ٹی آر ایس ہے۔ انھوں نے پڑوسی ریاست سیما۔ آندھرا میں صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو اور مرکز میں بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو نئی حکومت تشکیل دینے پر مبارکباد پیش کی۔