حیدرآباد۔/22مئی، ( سیاست نیوز) صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے آج مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے برادر نسبتی و رکن پولیٹ بیورو مسٹر این ہری کرشنا نے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس ملاقات کے دوران مسٹر این ہری کرشنا کے ہمراہ ان کے فرزند مسٹر کلیان رام بھی موجود تھے۔ مسٹر نائیڈو سے ملاقات نہ کرتے ہوئے صدر ٹی آر ایس سے این ہری کرشنا کی ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ہری کرشنا نے کہا کہ یہ خیرسگالی ملاقات ہے اور مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ریاست تلنگانہ میں حاصل ہونے والی زبردست عوامی تائید پر انہیں مبارکباد دینا وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی قیامگاہ پر این ہری کرشنا کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے بعد ہری کرشنا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات کوئی سیاسی نوعیت کی نہیں ہے تلنگانہ میں چونکہ ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور 2جون کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی ریاست تلنگانہ میں حکومت قائم کرے گی اسی لئے وہ انہیں مبارکباد دینے پہنچے ہیں۔ انہوں نے چندر شیکھر راؤ سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں وہ توقع کرتے ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہے گی اور یہ ریاست علاقہ واریت کے زہر سے پاک ترقی یافتہ ریاست ہوگی جو ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثال بنے گی۔