کے پربھاکر کی رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے حلف برداری

صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ سے اظہار تشکر ، تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے قائد کرنے پربھاکر نے آج قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ گورنر کے کوٹہ کے تحت انہیں تلنگانہ حکومت نے قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا ہے۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین سوامی گوڑ کے چیمبر میں منعقدہ تقریب میں کے پربھاکر نے رکنیت کا حلف لیا۔ اس موقع پر نائب صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل این ودیا ساگر کے علاوہ ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، کے پدما راؤ، ارکان قانون ساز کونسل کے آر اموس، راملو نائیک اور دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ حلف برداری کے بعد صدرنشین قانون ساز کونسل اور وزیر آبپاشی نے پربھاکر کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ کے پربھاکر کا تعلق نلگنڈہ ضلع کے نارائن پور علاقہ سے ہے۔ بھونگیر میں انہوں نے تعلیم حاصل کی۔ 2001ء میں وہ ٹی آر ایس پارٹی سے وابستہ ہوگئے اور تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے یوتھ ونگ کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دی بعد میں انہیں پارٹی کا پبلسٹی سکریٹری، پولیٹ بیورو رکن اور ترجمان مقرر کیا گیا۔ حلف برداری کے بعد تلنگانہ بھون میں پربھاکر کی تہنیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی کے سینئر قائدین نے شرکت کی اور انہیں مبارکباد دی۔ کے پربھاکر نے قانون ساز کونسل کی رکنیت کیلئے نامزد کرنے پر صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل سے متعلق چندر شیکھر راؤ کے خواب کی تکمیل کیلئے خود کو وقف کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ عوام کی بھلائی اور سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے وہ حکومت سے تعاون کریں گے اور ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کی یکسوئی کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے نلگنڈہ ضلع کے مسائل کی یکسوئی کیلئے مساعی کرنے کا بھی وعدہ کیا۔