ہم آپس میں بھائی بھائی: کے ٹی آر ، ہم میں کوئی سیاسی مسابقت نہیں : ہریش رائو
حیدرآباد۔4 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کے سی آر کے سیاسی جانشین کے مسئلہ پر ریاستی وزراء کے ٹی آر اور ہریش رائو میں اختلافات کی اطلاعات سے کیڈر میں پھیلی بے چینی کو دور کرنے کے لیے دونوں وزراء نے آج ایک ہی پلیٹ فارم سے خطاب کیا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ ان میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کے ٹی آر کی قیام گاہ پر ان کے ضلع سرسلہ کے پارٹی قائدین کے اجلاس میں ہریش رائو نے بطور خاص شرکت کی اور ضلع کی ترقی کے لیے کے ٹی آر کی خدمات کو سراہا دوسری طرف کے ٹی راما رائو نے ہریش راو کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں آپس میں بھائیوں کی طرح ہیں اور بھائیوں کی طرح ہی وہ بچپن سے یہاں تک پہنچے ہیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ دونوں میں کوئی سیاسی مسابقت نہیں ہے۔ سدی پیٹ اور سرسلہ کے درمیان ترقی کے سلسلہ میں مسابقت ضرور ہے تاکہ عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کی جاسکے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے ہریش رائو کی مساعی ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں اپنا حصہ ادا کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے لاکھوں کارکنوں کی عین خواہش ہے کہ کے سی آر مزید 15 سال تک چیف منسٹر کے عہدے پر برقرار رہیں۔ ہریش رائو نے سرسلہ کی ترقی کے لیے کے ٹی آر کی مساعی اور ان کے کام کے طریقہ کار کی ستائش کی۔ ہریش رائو نے کہا کہ سرسلہ جو کبھی بنکروں کی خودکشی کے لیے شہرت رکھتا تھا، اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا سہرا کے ٹی آر کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ سدی پیٹ سے زیادہ ووٹوں کی اکثریت سے کے ٹی آر کو کامیاب بنانے کے لیے مساعی کریں۔ بیگم پیٹ میں واقع کے ٹی آر کی قیام گاہ پر سرسلہ کے قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہریش رائو کی شرکت اہمیت کی حامل ہے۔ سرسلہ کے قائدین نے ہریش رائو کی آمد کا استقبال کیا۔ ہریش رائو نے کہا کہ کے سی آر نے سدی پیٹ کی ترقی کے لیے جن اقدامات کا آغاز کیا تھا وہ اسے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کی ترقی کے پیچھے گزشتہ 30 برسوں کی محنت ہے جبکہ کے ٹی آر نے گزشتہ ساڑے چار سال میں 30 سال کی طرح سرسلہ کو ترقی دی۔ ہریش رائو نے تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے سلسلہ میں کے ٹی آر کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی مساعی سے یہ ممکن ہوسکا ہے۔ وہ کامیابی کے ساتھ اپنی وزارت کا کام چلارہے ہیں۔ اجلاس میں شرکت اور کارکنوں سے خطاب پر کے ٹی آر نے ہریش رائو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ترقی کے معاملہ میں دونوں کے درمیان مقابلہ ہے اور وہ آپس میں بھائی بھائی کی طرح ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران باہم ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ایک وزارت میں دونوں وزیر کی طرح کام کررہے ہیں۔ اس اجلاس میں کے ٹی آر نے ہر منڈل سے تعلق رکھنے والے قائدین سے ملاقات کی اور مجوزہ انتخابات کی حکمت عملی پر بات چیت کی۔ انہوں نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ترقی کے سلسلہ میں کیے گئے اقدامات سے عوام کو واقف کروائیں اور ووٹنگ کے فیصد میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔