کے ٹی آر کی چیف منسٹر کرناٹک کمارا سوامی سے ملاقات ریاست کی اسکیمات سے آگاہی

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج بنگلور میں چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات ناشتہ پر ہوئی اور دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے مسائل اور مختلف پراجکٹس پر بات چیت کی۔ تلنگانہ میں عمل کئے جارہے مشن بھگیرتا ، ہریتا ہرم اور دیگر اسکیمات کی تفصیلات سے کے ٹی راما راؤ نے واقف کرایا ۔ بعد میں کے ٹی آر نے ٹوئیٹر پر اس ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ چیف منسٹر کمارا سوامی سے ناشتہ پر ملاقات رہی اور مشن بھگیرتا ہریتا ہرم کے علاوہ دیگر اسکیمات پر تبادلہ خیال رہا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ کمارا سوامی کی سادگی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک حکومت نے تلنگانہ میں زرعی شعبہ کے لئے شروع کردہ اسکیمات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی حیدرآباد میں چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کے دوران تلنگانہ کی زرعی اسکیمات کا تذکرہ رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیوے گوڑا نے کسانوں کو فصلوں کیلئے امدادی رقم کی ادائیگی اور بیمہ اسکیم کی تفصیلات طلب کی ہے۔ دونوں حکومتیں بعض شعبوں میں معاہدات کی تیاری کر رہی ہیں۔