حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کے موجودہ 10 اضلاع کی تعداد میں ا ضافہ کرنے اور اسمبلی نشستوں کی تعداد کو 119 سے بڑھاکر 153 کرنے کیلئے آج مرکز سے درخواست کی۔ کے ٹی آر نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر دیہی ترقیات چودھری بیریندر سنگھ سے قومی دارالحکومت میں ملاقات کرتے ہوئے اس ضمن میں ضروری اقدامات کی اپیل کی ۔ بعد ازاں کے ٹی آر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ آئندہ پارلیمانی سیشن میں آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں ترمیم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے آل انڈیا سرویس کے عہدیداروں کی تعداد میں اضافہ کیلئے وزیراعظم نریندر مودی سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پہلے ہی نمائندگی کرچکے ہیں۔