کے ٹی آر کی بوئنگ اور ایچ پی عہدیداروں سے ملاقات

حیدرآباد۔ 7 مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے آج امریکہ میں سرکردہ کمپنیوں جیسے بوئنگ اور ایچ پی کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند نے بوئنگ کے سرکردہ ایگزیکٹیو کو ریاست تلنگانہ میں ایرو اسپیس انڈسٹری کیلئے فراہم مواقع کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ بوئنگ کے عہدیداروں نے یہ بات واضح کی کہ کمپنی ہندوستان میں مینوفیکچرنگ سہولت قائم کرنے پر غور کررہی ہے چنانچہ کمپنی اپنے نمائندوں کی ایک ٹیم روانہ کرے گی تاکہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ قبل ازیں کے ٹی آر نے ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ارون کمار سنگھ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ایچ پی کے نائب صدر سپرائنو بنرجی سے ملاقات کی اور حیدرآباد میں مینوفیکچرنگ سہولت قائم کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کمپنی کی سماجی خدمات کے تحت تلنگانہ میں ٹراما کیر سنٹر قائم کرنے کی درخواست کی جس سے کمپنی نے اتفاق کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر نے فورڈ موٹر کمپنی ، ویپرو، فائزر کے نمائندوں اور امریکہ میں تلگو عوام سے بھی ملاقات کی۔