کے ٹی آر کی انتخابی مہم کا کل ظہیرآباد سے آغاز

حیدرآباد ۔ 11مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارگذار صدر کے ٹی آر کے دوسرے مرحلہ کی مہم کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ 13 تا 16 مارچ ظہیرآباد ، پدا پلی اور نلگنڈہ میں مہم جاری رہے گی ۔ پہلے مرحلہ کی مہم کے اختتام کے بعد ٹی آر ایس کے حلقوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ پہلے مرحلہ کے تحت 7 حلقوں میں تقریباً دو لاکھ سے زائد کارکنوں سے راست ملاقات اور ان کی حوصلہ افزائی سے پارٹی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اور پارٹی کارکن کامیابی کیلئے پُرعزم ہیں ۔ ریاست میں لوک سبھا کے 16حلقوں پر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کا ٹی آر ایس نے نشانہ مقرر کیا ہے اور اب امیدواروں کے اعلان کے بعد پارٹی نے مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس مرتبہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس کے چند نئے چہرے ظاہر ہوں گے ۔ حالانکہ ان امیدواروں میں اکثریت موجودہ ارکان کی ہوسکتی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پارٹی سربراہ نے اس سلسلہ میں تمام تیاری مکمل کرلی ہے اور امیدواروں کا عنقریب اعلان بھی ہوگا ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے مطابق حیدرآباد کو کے سی آر نے اشارہ بھی کردیا ہے اور وہ اطمینان کے تحت اپنے حلقوں میں جٹ گئے ہیں ۔ پارٹی میں امیدواروں سے زائد کے سی آر اور پارٹی عزائم کو اہمیت دیتے ہوئے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی سے مقابلہ تصور کرتی ہے جبکہ پارٹی نے بی جے پی سے مقابلہ کا کوئی خیال نہیں رکھتی اور پارٹی کارکن اور قائدین اس بات پر پُرعزم ہیں کہ کانگریس سے بھی چند حلقوں میں مقابلہ درپیش ہے جبکہ 16 حلقوں میں اکثریت پرمقابلہ کا دعویٰ کررہی ہے ۔ کانگریس سے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد ٹی آر ایس مقابلہ کو آسان تصور کررہی ہے ۔