ٹی آر ایس کی جانب سے روڈ شو اور جلسوں سے متعلق شیڈول جاری
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز) کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ 27مارچ سے پارٹی امیدوارو ںکے حق میں انتخابی مہم میں شدت پیدا کریں گے اور 27 مارچ سے شرو ع کی جانے والی ان کی اس انتخابی مہم کا سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہے گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسٹر کے تارک راماراؤ کو پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم شروع کرنے کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبہ حوالہ کردیا گیا ہے اور وہ 27مارچ سے شیڈول کے مطابق ٹی آر ایس امیدوارو ں کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس 27مارچ تا9اپریل کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی کے تمام 16امیدواروں کے حلقہ انتخاب میں روڈ شو اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے حدود میں مسٹر کے ٹی راما راؤ کے پروگرام 4اپریل کو منعقد ہوں گے اور ان پروگراموں کے دوران وہ حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ‘ سکندرآباد‘ مشیرآباد کے علاوہ دیگر علاقوں میں روڈ شو اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے جاری کردہ سرکردہ تشہیر کرنے والے قائدین نے مسٹر کے ٹی آر کے پروگرام کو نظر میں رکھتے ہوئے تلنگانہ کے 16حلقہ جات پارلیمان میں اپنے دوروں اور انتخابی مہم کا شیڈول تیار کیا ہے اور پارٹی کی جانب سے ان کے شیڈول بھی جاری کئے جا چکے ہیں اور کہا گیا ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق ریاست میں تمام حلقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرسمیتی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔مسٹر کے ٹی راما راؤ 6اپریل کو جوبلی ہلز ‘ خیریت آباد اور نامپلی حلقہ جات اسمبلی میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے سکندرآباد امیدوار کے حق میں مہم چلائیں گے ۔اسی طرح 7اپریل کو وہ محبوب نگر‘ جڑچرلہ‘ راجندر نگر اور شیرلنگم پلی حلقوں میں انتخابی مہم چلائیں گے اور روڈ شو کے علاوہ انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کی انتخابی مہم 9اپریل کو حلقہ پارلیمنٹ نلگنڈہ میں اختتام کو پہنچے گی اور 9اپریل تک وہ مسلسل روزانہ شہر اور اضلاع میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدواروں کی کامیابی اور ریاست کی ترقی کے علاوہ مرکز میں ریاست کی مستحکم نمائندگی کیلئے کوشش جاری رکھیں گے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی ذرائع کا کہناہے کہ مسٹر کے ٹی راماراؤ کے علاوہ پارٹی کی جانب سے دیگر سرکردہ قائدین کو بھی ریاست گیر سطح پر مہم چلانے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے اور وہ بھی اپنے شیڈول کے مطابق انتخابی مہم کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔