کے ٹی آر کی امریکی سفیر رچرڈ ورما سے ملاقات

حیدرآباد 24 جون ( این ایس ایس ) انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے آج امریکی سفیر برائے ہند رچرڈ راہول ورما سے ملاقات کی اور صنعت ‘ تعلیم ‘ فارما ‘ آئی ٹی اور دوسرے اہم شعبہ جات میں باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے میں مدد کریں۔ اس ملاقات کے دوران کے ٹی آر نے رچرڈ ورما کو اپنے حالیہ کامیاب دورہ امریکہ کی تفصیلات سے واقف کروایا اور امریکہ کے مختلف اداروں اور صنعتوں کی جانب سے انہیں ملے رد عمل سے بھی امریکی سفیر کو واقف کروایا ۔ یہ کمپنیاں اور ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کچھ شعبہ جات میں امریکہ کی فطری حلیف ہے اور وہ منتخبہ شعبہ جات میں امریکہ سے تعلقات کو مستحکم کرنے کی حامی ہے ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ گوگل ‘ مائیکرو سافٹ اور دوسری عالمی کمپنیاں اب حیدرآباد سے کام کر رہی ہیں اور اسی طرح کی بین الاقوامی اہمیت کی کمپنیاں بھی ریاست میں اپنے دفاتر قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔