’’کے ٹی آر کو جانشین بنانے چیف منسٹر کی ڈرامہ بازی‘‘

حیدرآباد۔/21مارچ، ( سیاست نیوز) ترجمان اعلیٰ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ڈی شراون نے چیف منسٹر کے سی آر پر اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کیلئے تھرڈ فرنٹ کا تماشہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شراون نے کہا کہ اتفاقی طور پر 2014 میں چیف منسٹر بن جانے والے کے سی آر قومی سیاست میں داخلہ لینے کیلئے تھرڈ فرنٹ کا شوشہ چھوڑتے ہوئے مودی کو فائدہ پہنچانے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں۔ تحفظات میں اضافہ کے اختیارات ریاستوں کو دینے کا پارلیمنٹ میں احتجاج کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو موضوع بحث بننے سے روکنے میں این ڈی اے حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ 4 سال تک مودی اور امیت شاہ کے اشاروں پر کام کرنے والے کے سی آر ٹی آر ایس اور بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو ڈوبنے سے بچانے اور دونوں حکومتوں کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے تھرڈ فرنٹ تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر، صدر کانگریس راہول گاندھی اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔