کے ٹی آر پر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کی حمایت کا الزام

کانگریس دور حکومت کا تقابل مضحکہ خیز ، کانگریس قائدین جیون ریڈی اور دیگر کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے ارکان اسمبلی نے مخالف تلنگانہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے سیاسی وفاداریوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا ۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی فلور لیڈر کانگریس مسٹر جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے آندھرا پردیش میں پارٹی کی قربانی دیتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرنے کے بجائے چیف منسٹر تلنگانہ کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو اپنی جماعت ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی اسپیکر اسمبلی سے نمائندگی کی ہے ۔ مگر ابھی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جن ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرلیا جارہا ہے ان سے استعفے بھی نہیں دلائے جارہے ہیں ۔ جب اس مسئلہ کو کانگریس پارٹی نے اسمبلی میں موضوع بحث بنانے کے لیے تحریک التواء لگادی تو اسپیکر اسمبلی نے اس کو نا منظور کردیا ۔ وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی آر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس کے دور حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی جانب سے ٹی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرنے کا حوالہ دیا جارہا ہے ۔ جو مضحکہ خیز ہے ۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی آندھرائی قائد تھے اور مخالف تلنگانہ تھے انہوں نے تلنگانہ تحریک کو کمزور کرنے کے لیے ٹی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کیا تھا ۔ تب بھی ہم نے پارٹی میں اندرونی طور پر اس کی مخالفت کی تھی ۔ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے تلنگانہ تحریک اور نوجوانوں کی قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے آندھرائی کانگریس قائدین کی مخالفت اور آندھرا میں کانگریس کو نقصان پہونچنے کا اندازہ کرنے کے باوجود علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرنے کے بجائے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرنا احسان فراموشی کے مترادف ہے جس کے خلاف کانگریس پارٹی احتجاج کرے گی ۔۔