بی جے پی اور ٹی آر ایس کی 4 سالہ کارکردگی مایوس کن ، انجن کمار یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے کے ٹی آر کو پبلسٹی کا کارٹون اور بی جے پی کو فرقہ پرستی کا وائرس قرار دیا ۔ 3 جون کو حج ہاوز سے گاندھی بھون تک ریالی میں پہونچ کر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کی صدارت قبول کریں گے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا 4 سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ نریندر مودی اور کے سی آر جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار میں آئے مگر وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ کالا دھن ابھی تک وطن نہیں پہونچا اور نہ ہی 15 لاکھ روپئے شہریوں کے بینک اکاونٹ میں جمع ہوئے ۔ نوٹ بندی ، جی ایس ٹی پر عمل آوری کرتے ہوئے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ تلنگانہ میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات نہیں ملا ۔ گریٹر حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر ابھی تک صرف 400 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے گئے ، طلبہ کو فیس ری ایمبرسمنٹ نہیں ملی ۔ نریندر مودی اور کے سی آر دھوکہ و دغا باز ہیں ۔ این ڈی اے اور ٹی آر ایس حکومت سے ملک اور ریاست کے عوام ناراض ہیں ۔ حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج بی جے پی کے منھ پر طمانچہ ہے ۔ سارے ملک میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے ۔ تلنگانہ میں بھی کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس پارٹی کو حیدرآباد میں مستحکم کرنے کے لیے وہ انتھک کوشش کریں گے ۔ انجن کمار یادو نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو ’ پبلسٹی کا کارٹون ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معاملے میں صرف بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں ۔ مگر عمل آوری صفر ہے تھوڑی سی بارش سے شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہورہی ہیں ۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل کو یکسر نظر انداز کردیا جارہا ہے ۔ بی جے پی ایک فرقہ پرست جماعت ہے جو سارے ملک میں سیاسی مفاد پرستی کے لیے فرقہ پرستی کے وائرس پھیلا رہی ہے ۔ ملک میں بی جے پی کا زوال اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ کانگریس تیزی سے عوامی اعتماد حاصل کررہی ہے ۔ وہ سماج کے تمام طبقات ساتھ لیتے ہوئے حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو مضبوط و مستحکم کرنے کے اقدامات کریں گے ۔۔