کے ٹی آر تلنگانہ کے ابھرتے ہوئے قائد ، کانگریس مایوسی کا شکار

ٹی آر ایس حکومت کی 3 سالہ کارکردگی کو قبول کرنے تیار نہیں ، سرینواس گوڑ کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے اسمبلی حلقہ سرسلہ میں کانگریس قائدین کے دورہ کے بعد ٹی آر ایس کے کئی عوامی نمائندے کے ٹی آر کے حق میں میدان میں آچکے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے کے ٹی آر کو نشانہ بنائے جانے پر سخت تنقید کی ۔ پارٹی کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے کے ٹی آر کو مستقبل کا قائد قرار دیا اور کہا کہ چونکہ کے ٹی آر تلنگانہ کے ابھرتے ہوئے قائد ہیں، لہذا کانگریس پار ٹی انہیں برداشت نہیں کر رہی ہے۔ کے ٹی آر اے کے خلاف لاکھ سازشیں کی جائیں لیکن وہ تلنگانہ کے مستقبل کے قائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی لالچ میں کانگریس قائدین حکومت کے خلاف جس انداز کی مہم چلا رہے ہیں ، اس سے ریاست کا امیج متاثر ہورہا ہے ۔ کانگریس نے اپنے 70 سالہ دور میں کمزور طبقات اور دلتوں کیلئے کچھ نہیں کیا لیکن ٹی آر ایس کے تین سالہ دور حکومت کی کارکردگی کو قبول کرنے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ نے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ میرا کمار نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران کہا تھا کہ تلنگانہ نظر انداز کردہ علاقہ ہے اور علحدہ ریاست کی تشکیل کی صورت میں اس کی ترقی ہوگی۔ کانگریس نے ان ہی میرا کمار کو ریاست مدعو کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات پر تنقید کیلئے مجبور کیا ہے ۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے علحدہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹ پیدا کی تھی اور آج وہ عوام سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں مختلف اسکامس اور بدعنوان چھائی رہیں اور نعیم جیسے گینگسٹر کی سرپرستی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس کے اسکام کو ٹی آر ایس حکومت نے بے نقاب کیا ہے ۔ سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے کلبس ، پبس اور بارس کے خلاف حکومت نے کارروائی کیلئے پولیس کو مکمل چھوٹ دے رکھی ہے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ کو نشانہ بنانا افسوس ناک ہے ، وہ چیف منسٹر کے فرزند اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نام کما چکے ہیں۔ سرینواس گوڑ نے کے ٹی آر کو مستقبل کا قائد قرار دیا اور کہا کہ اپزیشن جماعتیں ان کے سیاسی کیریئر کو نقصان پہنچانے کیلئے نشانہ بنارہی ہے ۔ تمام جماعتیں حکومت کے خلاف لاکھ الزامات عائد کرلیں ، عوام کو حکومت پر بھروسہ ہے اور وہ اپوزیشن کے دھوکہ میں آنے والے نہیں ہے۔