کے ٹی آر بنے ہینڈلوم کے برانڈ ایمبسڈر

دوسروں کو مشورہ دینے سے قبل خود عمل کرنے کی مثال
حیدرآباد۔2جنوری ( سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر ہینڈلوم کے برانڈ ایمبسڈر بن گئے اور نئے سال سے ہر پیر کو ہینڈلوم ملبوسات زیب تن کرنے کا اعلان کیا ۔ اپنے وزارتی محکمہ جات کے علاوہ کلکٹرس و بلدی کمشنرس کو بھی ہفتہ میں ایک دن ہینڈلوم کپڑے پہننے کا مشورہ دیا ۔ تمام منتخب عوامی نمائندوں کو مکتوبات روانہ کرکے ہینڈلوم کو فروغ دینے ہفتہ میں ایک دن ہینڈلوم کپڑے زیب تن کرنے کی اپیل کی ۔ کے ٹی آر ہینڈلوم صنعت کو فروغ دینے خود اسکے برانڈ ایمبسڈر بن گئے اور آج انہوں نے ہینڈلوم کپڑے پہن کرسرکاری کام انجام دیا ۔ وزیر کے ساتھ انکے اٹنڈر سے اعلیٰ حکام تک سب نے آج ہینڈلوم کپڑے پہنے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ نئے سال سے ہر پیر کو ہینڈلوم کپڑے زیب تن کرینگے ‘ انکے وزارتی محکمہ جات کے تمام عہدیداروں کو بھی اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ محکمہ ہینڈلوم کی خدمات کو توسیع دینے اور ریاست کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس اور شہروں میں اسکے کاؤنٹرس کھولنے کا ڈائرکٹر شلیجا ایئر کو مشورہ دیا ۔ آن لائن آرڈرس قبول کرنے ویب سائٹ کو جدید طریقوں سے لیس کرنے کا مشورہ دیا ۔ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے آج کے ٹی آر سے ہینڈلوم ملبوسات زیب تن کرکے ملاقات کی اور اپنے محکمہ جات کے تمام عہدیداروں کو ہر پیر کو ہینڈلوم کے کپڑے زیب تن کرنے احکامات جاری کرنے سے واقف کرایا ۔ واضح رہے کہ اسمبلی و کونسل اجلاس کے دوران کے ٹی آر نے چیف منسٹر کے سی آر اور اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری صدرنشین کونسل سوامی گوڑ ‘قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی) ‘ محمد علی شبیر ( کونسل ) کے علاوہ تمام وزراء اور دوسرے عوامی منتخب نمائندوں کو ہینڈلوم کٹس حوالے کئے ‘ اس کے علاوہ مکتوبات بھی روانہ کئے ۔