کے ٹی آر اور نارالوکیش اعلیٰ درجہ کے فقراء

حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی کے قومی قائد ڈاکٹر کے نارائنا نے کے ٹی آر اور لوکیش کو اعلیٰ درجہ کے فقیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں جھولی پھیلاتے ہوئے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کے فرزند تلگو ریاستوں کے عزت کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ۔ سی پی آئی کے قومی رکن ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو دونوں ریاستوں کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے معاملے میں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کرنے کے بجائے آپس میں تنقید اور جوابی تنقید پر اپنا سارا وقت ضائع کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور تلگو دیشم پر اعتماد کا اظہار کرنے والے عوام کو مایوس کررہے ہیں ۔ دونوں چیف منسٹرس کے فرزند امریکہ میں بھیک مانگنے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جس کی سی پی آئی سخت مذمت کرتی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے فرزند بطور ریاستی وزیر امریکہ پہونچ کر وہاں کے کارپوریٹ اداروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں جب کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کے فرزند وزیر ہیں ہے اور نہ ہی کوئی سرکاری عہدے پر فائز ہے ۔ پھر بھی انہوں نے اپنے دورے میں سرکاری عہدیداروں کو بھی ساتھ رکھا ہے ۔ کس نوعیت سے لوکیش کے دورے میں سرکاری عہدیدار شامل ہیں ۔ اس کی حکومت آندھرا پردیش وضاحت کرے ۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ ٹی آر ایس اور تلگو دیشم حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں ۔ دونوں چیف منسٹرس عوامی مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے تاجرین اور کارپوریٹ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔ مرکزی حکومت کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہونچانے کے لیے آرڈیننس لائی ہے ۔ جس کی سی پی آئی سخت مذمت کرتی ہے اور اس کے خلاف 14 مئی کو سی پی آئی ملک بھر میں جیل بھرو احتجاجی مہم منظم کررہی ہے ۔ انہوں نے تلگو دیشم اور بی جے پی کی تائید کرنے والے فلم اسٹار پون کلیان سے اس احتجاجی مہم میں شامل ہو کر کسانوں سے اپنی ہمدردی ظاہر کرنے کا مشورہ دیا ۔۔