کے ٹی آر اور ایم وکرامارکا کے مابین نوک جھونک

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تاراکا راما راو اور کانگریس کے رکن بٹی وکرامارکا کے درمیان اسمبلی میں نوک جھونک ہوئی۔ کانگریس کے رکن بٹی وکرامارکا نے اسپیکر مدھو سدھن چاری کی جانب سے ایوان کو قواعد کے مطابق چلانے میںناکامی کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائی چلانے میں قواعد کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔وزیر پنچایت راج کے ٹی راما راو نے اس موقع پر مداخلت کی اور کہا کہ اسپیکر قواعد کے مطابق ہی ایوان کی کارروائی چلا رہے ہیں لہذا کانگریس کی جانب سے اسپیکر کے رویہ پر نکتہ چینی کرنا مناسب نہیںہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سابق حکومتوں نے دوپہر میں 1 بجے لنچ کے بہانے ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کی روایت قائم کی تھی تاہم ٹی آر ایس حکومت ایوان کو ملتوی کئے بغیر کارروائی چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کسی بھی اسمبلی میں عوامی مسائل پر اس قدر مباحث نہیںہوئے جو کہ جاریہ اسمبلی میں ہورہے ہیں۔ انہوں نے بٹی وکرامارکا سے اپنے ریمارکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔