کے ٹی آر ، کویتا اور ہریش راؤ ایک ساتھ

حیدرآباد ۔4 ۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان کے اطراف گھوم رہی ہے۔ چیف منسٹر کے بعد اگر نظم و نسق پر کسی کی گرفت ہے تو وہ چیف منسٹر کے فرزند کے ٹی راما راؤ ، دختر کویتا اور بھانجے ہریش راؤ ہیں۔ میڈیا میں وقفہ وقفہ سے یہ اطلاعات گشت رہیں کہ حکومت پر کنٹرول کے سلسلہ میں ان تینوں میں باہمی اختلافات ہیں۔ تاہم ان اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں۔ حکومت پر ان تینوں کی گرفت کا اندازہ ناگرجنا ساگر میں جاری پارٹی کی ٹریننگ کیمپ میں اس وقت ہوا جب مذکورہ تینوں افراد رازدارانہ گفتگو کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریننگ کیمپ کے دوران جب لنچ کا وقفہ ہوا تو ہریش راؤ، کے ٹی آر اور کویتا ایک ٹیبل پر بیٹھ گئے اور آپس میں رازدارانہ گفتگو کرنے لگے۔ ان تینوں کے قریب پارٹی کا کوئی اہم قائد حتیٰ کہ کوئی وزیر بھی جانے کی ہمت نہیں کر رہا تھا۔ بعض عوامی نمائندے جب ان کے قریب پہنچے تو اشارہ سے انہیں روک دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے یہ تینوں قریبی رشتہ دار حکومت اور نظم و نسق کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے، کافی دیر تک ان تینوں کی بات چیت جاری رہی۔ اسی دوران ایک رکن پارلیمنٹ نے اپنے موبائیل فون سے یہ منظر قید کرلیا۔ جیسے ہی ہریش راؤ نے رکن پارلیمنٹ کو موبائیل سے تصویریں لیتے ہوئے دیکھا تو انہیں بلا کر سرزنش کی۔ کسی طرح یہ تصاویر لیک ہوگئیں اور میڈیا تک پہنچ گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریننگ پروگرام کے دوران چیف منسٹر کے بعد یہ تینوں ہی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے اور کیمپ کے دوران کئی مرتبہ ان تینوں کو علحدگی میں بات چیت کرتے دیکھا گیا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نظم و نسق پر ان تینوں کی گرفت ہے اور کوئی بھی وزیر یا عوامی نمائندہ ان کی سفارش کے بغیر اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع نہیں ہوسکتا۔ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار کسی بھی وزیر کی سفارش یا ہدایت پر عمل آوری سے قبل ان میں سے کسی ایک کی منظوری حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔