حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے جو تلگو فلم انڈسٹری سے قریبی تعلقات رکھتے ہیں، آج فلم اسٹار مہیش بابو کی نئی فلم ’’بھرت انے نینو‘‘ کے خصوصی پریمیئر میں شرکت کی اور فلم کی ستائش کی۔ کے ٹی راما راؤ اچھی فلموں کے مشاہدہ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مہیش بابو کی نئی فلم کے پریمیئر کے موقع پر فلم کی ٹیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے فلم کی کہانی کی ستائش کی اور کہا کہ سماج میں اس طرح کے موضوعات پر فلمیں تیار کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے عنوان اور کہانی کے بارے میں پبلسٹی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے فلم کے مشاہدہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹر پر مہیش بابو اور فلم کی ٹیم کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ فلم سے وہ کافی لطف اندوز ہوئے ہیں۔ مہیش بابو اور فلم کے ڈائرکٹر کے شیوا سے بات چیت کے دوران کے ٹی آر نے اس طرح کے فلموں کی حوصلہ افزائی کا تیقن دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر نے پہلی مرتبہ کسی فلم کے پریمیئر میں شرکت کی اور فلم کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کے ٹی آر سے لیا گیا انٹرویو ٹی وی چیانلس پر پیش کیاجائے گا۔
مانو اسٹیڈی سنٹر ممتاز کالج کے طلبہ کو ضروری اطلاع
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اسٹیڈی سنٹر ممتاز کالج کے کوآرڈینٹر محترمہ فرزانہ بیگم نے سنٹر ہذا کے بی ایس سی سال دوم اور سوم ایم پی سی ۔ بی زیڈ سی کے طلبہ کو مطلع کیا کہ سنٹر ہذا میں یکم تا 31 مئی کے درمیان پراکٹیکل کلاسیس منعقد ہوں گے ۔ اس کے علاوہ بیاک لاک طلباء کو اطلاع دی کہ وہ یونیورسٹی سے فیس داخل کرنے کی اجازت حاصل کریں ۔ مزید تفصیلات کے لیے اسٹیڈی سنٹر ہذا سے راست رجوع ہونے یا پھر فون نمبرات 9618419577 ۔ 9866254628 پر ربط کرنے کا مشورہ دیا ۔