کے وی پی ‘ سی سبی رام ریڈی اور ایم اے خان راجیہ سبھا کیلئے دوبارہ نامزد

حیدرآباد۔27 جنوری ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی ہائی کمان نے مسٹر ایم اے خان مسٹر ٹی سبی رام ریڈی اور ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ کو راجیہ سبھا کیلئے دوبارہ امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ۔ مسٹر ایم اے خان اور ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ کا دوسری میعاد کیلئے جبکہ مسٹر ٹی سبی رام ریڈی کا تیسری میعاد کیلئے انتخاب عمل میں لایا جارہاہے ۔ کانگریس ہائی کمان نے علاقہ تلنگانہ کو ایک اور سیما آندھرا کو دو نشستیں دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے توقع کے مطابق نئے ناموں پر غور کرنے کے بجائے موجودہ ارکان کی خدمات سے دوبارہ استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آندھراپردیش سے 6راجیہ سبھا ارکان کی معیاد مکمل ہورہی ہے جن میں حکمراں کانگریس کے 5 اور تلگودیشم کا ایک رکن شامل ہے ۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے لحاظ سے کانگریس کے تین ارکان کا کامیاب ہونا یقینی ہے ۔ اس کے علاوہ کانگریس کے پاس مزید 22ارکان زیادہ ہیں ‘ کانگریس پارٹی نے چوتھا امیدوار ناکھڑا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چوتھے امیدوار کے طور پر ٹی آر ایس کے امیدوار ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی تائید کرنے کا صرف اشارہ دیا ہے جبکہ سرکاری طور پر اس کا کوئی اعلان نہیںکیا ہے ۔

باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی آر ایس کے سربراہ مسٹر کے چندر شیکھ راؤ کانگریس ہائی کمان سے رابطہ میں ہے ۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے وزراء اور کانگریس ارکان اسمبلی کی اکثریت بھی ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کرنے کے حق میں ہے ۔ سیما آندھرا کے نمائندگی کرنے والے کانگریس قائدین ریاست کو تقسیم کرنے کا فیصلہ کرنے پر کانگریس قیادت کے خلاف ہے اور کانگریس قیادت سے بغاوت کرتے ہوئے سیما آندھرا کے کسی قائد کو متحدہ آندھرا کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اتارنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ریاستی وزیر قانون مسٹر ای پرتاپ ریڈی نے ایک پرچہ نامزدگی کا فارم بھی حاصل کیا ہے ۔ سیما آندھرا کے تین قائدین کے ناموں پر غور کررہے ہیں ۔ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے راجیہ سبھا کے امیدواروں کا اعلان کرنے کے بعد متحدہ آندھرا کے کٹر حامی ریاستی وزیر مسٹر جی سرینواس کی قیام گاہ پر سیما آندھرا کے کانگریس قائدین کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزیر مسٹر ای پرتاپ ریڈی ‘ سابق ریاستی وزیر مسٹر جے سی دیواکر ریڈی اور مسٹر چیتنیہ راجو کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔ باغی امیدوار کے طور پر چیتنیہ راجو یا جے سی دیواکر ریڈی کو میدان میں اُتارنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ دوسرے چند قائدین نے کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر کرن کمار ریڈی سے ملاقات کی ۔

کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خان نے انہیں دوسری میعاد کیلئے راجیہ سبھا کا امیدوار بنانے پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی ‘ نائب صدر مسٹر راہول گاندھی ‘ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر مسٹر احمد پٹیل ‘ اے پی کے انچارج جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ اور مرکزی وزیرمسٹر غلام نبی آزاد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ان پر جو بھروسہ کیا ہے اس کو پورا کرنے کیلئے وہ اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔