کے وی پی رامچندر راؤ کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کا مطالبہ ، این چندرا بابو نائیڈو کا گورنر کو مکتوب

حیدرآباد ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گورنر آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کانگریسی رکن پارلیمنٹ کے وی پی رامچندر راؤ کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر نائیڈو نے گورنر کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ کانگریسی رکن پارلیمنٹ کے وی پی رامچندر راؤ کے خلاف سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (امریکہ) نے ریڈکارنر نوٹس جاری کی ہے اور امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی ہندوستانی تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے فوری ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ کی گرفتاری انجام دینے کے متعلق کوشاں ہیں۔ انہوں نے گورنر سے خواہش کی کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرتے ہوئے عوام کے اعتماد کو بحال کریں اور ماضی میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی انجام دہی میں ملوث قائدین کے خلاف کارروائی کے ذریعہ عوام بالخصوص آئندہ نسلوں کو مستحکم حکمرانی کا پیغام دیں۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے دورحکومت میں مسٹر کے وی پی رامچندر راؤ نے اپنے اثرورسوخ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نہ صرف ریاستی و قومی بلکہ بین الاقوامی سطح تک بدعنوانیاں و بے قاعدگیاں انجام دی ہیں جس کے نتیجہ میں آج امریکی تحقیقاتی ایجنسی ان کی گرفتاری کیلئے سرگرم کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ٹائیٹانیم کانکنی معاملہ میں ہوئی بدعنوانیاں اور معاہدوں کی تیاری میں کروڑہا روپئے رشوت کے معاملات سامنے آئے ہیں جن کی تحقیقات فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن امریکہ کی جانب سے جاری ہے۔ اس معاملہ میں انہوں نے گورنر آندھراپردیش سے خواہش کی کہ وہ فوری کے وی پی رامچندر راؤ کو گرفتار کرواتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں چونکہ یہ معاملہ اب ریاستی یا قومی سطح کا معاملہ نہیں رہا جسے پوشیدہ رکھا جاسکے بلکہ بین الاقوامی سطح پر اس بدعنوانی کے واقعہ سے ریاست آندھراپردیش اور ہندوستان کی تذلیل ہوئی ہے جس کے خلاف کارروائی کے ذریعہ ہی اس داغ کو دھویا جاسکتا ہے۔