10 ٹاپ رینکرس میں 3 مسلم طلبہ ، جملہ 36,834 امیدوار اہل
حیدرآباد۔ 15 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے 11 ستمبر کو منعقدہ TSEAMCET-III، 2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم پروفیسر ٹی پاپی ریڈی نے وائس چانسلر جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد پروفیسر وینو گوپال ریڈی اور کنوینر ایمسیٹ III ڈاکٹر یادیا کے ہمراہ ایمسیٹ III کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ 8 سوالات غلط پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے اور ان کی نشاندہی کرتے ہوئے تمام طلباء و طالبات کو 8 نشانات دیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایمسیٹ III میڈیکل و ڈینٹل کیلئے جملہ 56,153 طلباء و طالبات نے اپنے درخواستیں دی تھیں جن کے منجملہ 37,180 امیدوار شریک ہوئے اور 36,834 اہل قرار دیئے گئے۔ پروفیسر پاپی ریڈی نے بتایا کہ مقررہ مدت میں مذکورہ کورسیس میں داخلوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور 17 ستمبر سے اہل امیدواروں کے رینک کی اساس پر صداقت ناموں کی جانچ کی جائے گی اور پھر داخلوں کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے ایمسیٹ III کے دس ٹاپ رینکرس کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔پہلا رینک آر پی مانسا، گڈی واڑہ (ضلع کرشنا) کو حاصل ہوا جبکہ بی سری ہاریکا سکندرآباد کو دوسرا رینک، ٹی تیجسونی اننت پور مستقر کو تیسرا رینک، ذیشان احمد جلیلی فرزند جناب کلیم احمد جلیلی نور خان بازار بہادر پورہ حیدرآباد کو چوتھا، اکرام خان فرزند مکرم خان عرب لین، صابر نگر، مہدی پٹنم حیدرآباد کو پانچواں رینک، اے ایس ریڈی الوال سکندرآباد کو چھٹواں، ایم الیکیا ویمسور، ضلع کھمم کو ساتواں، نزہت فاطمہ دختر سید اختر حسین، حمید پورہ، عادل آباد کو آٹھواں رینک کاویا ہالوسو، اولڈ ایرپورٹ بیگم پیٹ حیدرآباد کو نواں رینک اور وی روپیش مریال گوڑہ نلگنڈہ کو دسواں رینک حاصل ہوا ہے۔