حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم کے سینئر لیڈر متھو کوپالی نرسمہلو نے آج کہاکہ وہ ٹی آر ایس صدر کے چندرشیکھر راؤ کے خلاف مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ کے سی آر کسی بھی علاقہ سے امیدوار ہوں، وہ اُن کا مقابلہ کریں گے۔ اگر کے سی آر نے ملکاجگیری حلقہ لوک سبھا سے مقابلہ کرنے کو پسند کیا تو وہ وہاں سے بھی مقابلہ کریں گے۔ نرسمہلو نے کے سی آر پر الزام عائد کیاکہ وہ بدعنوانیوں میں بُری طرح ملوث ہیں۔ اُنھوں نے اس موقع پر صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کے سی آر کے قول و فعل پر ہرگز بھروسہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ اعلان ایک کرتے ہیں اور عمل کچھ اور کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ کبھی بھی مستقل اساس پر کوئی ایک حلقہ اسمبلی یا لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرنے کے موقف میں نہیں رہتے کیونکہ وہ جس حلقہ سے منتخب ہوتے ہیں تو اس حلقہ کی ترقی پر توجہ دینے سے دلچسپی نہیں رکھتے جس کے نتیجہ میں دوبارہ انھیں اس حلقہ لوک سبھا یا اسمبلی سے کامیابی کی اُمید ہی نہیں رہتی۔