کے سی آر کے الزامات بے بنیاد و حقیقت سے بعید

تشکیل تلنگانہ میں سونیا گاندھی کی خصوصی دلچسپی کا دعویٰ : پنالہ لکشمیا

حیدرآباد 20 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو سخت ہدف ملامت بنایا اور مسٹر کے چندرشیکھر راؤ صدر ٹی آر ایس کے اس الزام کی سخت مذمت کی کہ کانگریس قائد و رکن پارلیمان ڈاکٹر کے وی پی رامچندر راؤ بھاری رقومات کے عوض انھیں (کے سی آر کو) خریدنے کی بڑے پیمانے پر کوشش کی۔ انھوں نے کے سی آر کے ان بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسٹر چندرشیکھر رراؤ کے عائد کئے جانے والے تمام الزامات مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی اور حقیقت سے بعید ہیں۔ مسٹر پی لکشمیا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور اس کے صدر کو مفاد پرست قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ انھوں نے استفسار کیاکہ بحیثیت رکن پارلیمان مسٹرکے چندرشیکھر راؤ کبھی ایک دن بھی لوک سبھا میں تلنگانہ کے مطالبہ پر اپنا اظہار خیال کیا؟ مسٹر لکشمیا نے کہاکہ کسی وقت بھی اُنھوں نے پارلیمنٹ میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے مسئلہ پر کم از کم لب کشائی تک نہیں کی لیکن آج جبکہ خود کانگریس پارٹی بالخصوص صدرنشین یو پی اے مسز سونیا گاندھی کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ خود کانگریس ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس کے قیام سے قبل علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے مطالبہ پر نہ صرف ریاست میں بلکہ قومی سطح پر احتجاج کرتے ہوئے پرزور احتجاج کیا بلکہ کانگریس ارکان اسمبلی کے ایک وفد نے دہلی پہونچ کر سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی ہدایت پر صدر کل ہند کانگریس مسز سونیا گاندھی سے مؤثر نمائندگی کی تھی اور اسی وقت مسز سونیا گاندھی نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے مطالبہ پر واضح تیقن دیا تھا اور اسی تیقن کے مطابق آج ریاست تلنگانہ کی تشکیل دے دی گئی۔