کے سی آر کیساتھ چندرابابو کا جھگڑا دہلی منتقل

نائیڈو کی آج وزیراعظم مودی ، راجناتھ سنگھ اور ارون جیٹلی سے ملاقات متوقع

حیدرآباد 9 جون (پی ٹی آئی) حکومت آندھراپردیش نے مشترکہ دارالحکومت حیدرآباد پر گورنر کو اپنے اختیارات کے استعمال کی ہدایت دینے کے لئے مرکز سے مداخلت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور الزام عائد کیاکہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کی حکومت اپنے وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور عہدیداروں کے ٹیلی فون ٹیاپ کررہی ہے۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو دہلی روانہ ہوگئے اور توقع ہے کہ کل وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ آندھراپردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے آج یہاں چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی قیادت میں منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’(آندھراپردیش کے) ڈائرکٹر جنرل پولیس اور چیف سکریٹری کل نئی دہلی روانہ ہوں گے اور مرکزی کابینی سکریٹری کے علاوہ معتمد داخلہ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے اِس ضمن میں نمائندگی پر مبنی مکتوب پیش کریں گے اور یہ درخواست کی جائے گی کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی دفعہ 8 پر عمل آوری کے احکام جاری کئے جائیں‘‘۔ آندھراپردیش کابینہ نے اپنے اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اپنے اختیارات استعمال نہیں کئے ہیں چنانچہ حکومت آندھراپردیش نے اُن سے اِن اختیارات کے استعمال کی درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت ہے لیکن اِس شہر پر آندھراپردیش کی حکومت کو عاملانہ اختیارات حاصل نہیں ہیں۔ چندرابابو نائیڈو کابینہ کے اجلاس کے بعد دہلی روانہ ہوگئے جہاں وہ کل وزیراعظم مودی کے علاوہ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ اور وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کریں گے۔ وائی رام کرشنوڈو نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کا برتاؤ کچھ اس طرح ہے کہ وہ سمجھ رہی ہے کہ تمام تر اختیارات صرف اُس کو حاصل ہیں۔ اس صورتحال میں آندھراپردیش کے وزراء اور عہدیداروں کی شخصی آزادی اور سلامتی داؤ پر لگ چکی ہے کیونکہ شخصی سلامتی کے انتظامات بھی حکومت تلنگانہ کے تحت ہیں۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ ’’ہمیں یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ آندھراپردیش کے وزراء، اہم قائدین، عہدیداروں اور ارکان پارلیمنٹ کے تقریباً 120 ٹیپس ریکارڈ کئے جاچکے ہیں‘‘۔ دوسری طرف تلنگانہ اے سی بی نے آندھراپردیش کے چیف منسٹر اور دیگر تلگودیشم قائدین کے ٹیلی فون نے ٹیاپ کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ اے سی بی کے ڈائرکٹر جنرل اے کے خان اور تلنگانہ انٹلی جنس کے سربراہ شیو دھر ریڈی نے آج تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے اُن کے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔