انٹرامتحانات میں بے قاعدگیوں کیلئے حکومت ذمہ دار، پروفیسر کودنڈارام کی تقریر
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک نے 23 سے زائد انٹرمیڈیٹ طلبہ کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے امتحانات کے انعقاد میں بے قاعدگیوں کو روکنے کے بجائے خاطی عہدیداروں کو بچانے کی کوشش کی ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی کی جانب سے انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں پر رائونڈ ٹیبل اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر جی ویویک نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں غیر جمہوری اور ڈکٹیٹرشپ طرز حکمرانی جاری ہے۔ ایسی خانگی کمپنی جو کہ جے این ٹی یو میں بلاک لسٹ ہے اسے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے کنٹراکٹ دیا جو انتہائی بدبختانہ ہے۔ اس طرح جان بوجھ کر طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا۔ ویویک نے بے قاعدگیوں کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ویویک نے کہا کہ چیف منسٹر پراگتی بھون سے ون میان رول کررہے ہیں۔ وزراء اور عہدیداروں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال کو تبدیل نہیں کیا گیا تو تلنگانہ کا بھاری نقصان ہوگا۔ ویویک نے کہا کہ کے سی آر عوام کو گمراہ کرتے ہوئے من مانی کررہے ہیں۔ ان کے پاس اپوزیشن کو کمزور کرنے کی سازش کے علاوہ کچھ نہیں۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ کے سی آر کی ڈکٹیٹرشپ کے خلاف تمام جمہوری طاقتوں کو متحد ہوکر ایجی ٹیشن کے لیے تیار ہوناچاہئے۔