کے سی آر صدر جمہوریہ کے مشورے پر عمل کریں

قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی کی قدم بوسی کے بجائے ان کے دئیے جانے والے صلاح و مشوروں پر عمل پیرا ہوں ۔ ڈاکٹر نارائنا نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی زندگی میں رہنے والے ہمیشہ عوام کے درمیان رہنا چاہئے ۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ کپڑا جلاکر عوام پر ڈال کر فارم ہاوز میں رہنا مسٹر چندر شیکھر راؤ کا طریقہ کار بن گیا ہے ۔ ڈاکٹر نارائنا نے دیگر پارٹیوں کے قائدین کو کسی نہ کسی طرح اپنی طرف راغب کر کے انہیں مختلف طریقوں سے عہدوں وغیرہ کی لالچ دے کر اپنی پارٹی میں شامل کرلینا خود تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے لیے خطرہ ثابت ہونے کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر کسی کو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی کشتی میں سوار کرلے رہے ہیں اور یہ تمام مختلف جماعتوں کے قائدین تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کر کے ٹی آر ایس کی کشتی میں سوار ہوں گے ۔ اور ان تمام کے وزن سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی کشتی بہر صورت بہت جلد غرق ہوجانے کا ڈاکٹر نارائنا نے اندیشہ ظاہر کیا اور کہا کہ اصل قائدین ٹی آر ایس نظر انداز کیے جارہے ہیں اور نئے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین پارٹی پر حاوی ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں ٹی آر ایس کے وجود کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔۔