کے سی آر سے مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کا اظہار یگانگت

حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) ملک کی مختلف ریاستوں کے چیف منسٹروں نے حیدرآباد میں سیکشن 8 پر نفاذ عمل میں لانے مرکزی حکومت کی دی گئی ہدایات پر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے بذریعہ ٹیلی فون ربط پیدا کرکے اظہار یگانگت کیا اور سیکشن 8 پر نفاذ کی صورت میں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا کے سی آر کو مشورہ دیا اور ان چیف منسٹروں نے کہاکہ ہمارا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ مرکزی حکومت کے اس غیر جمہوری و سخت اقدام کے خلاف ہم تمام بھی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندرشیکھر راؤ کا مکمل ساتھ دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ سے ربط پیدا کرنے والے مختلف ریاستوں کے چیف منسٹروں نے یہ بھی کہاکہ غیر جمہوری پالیسی کے خلاف سخت جدوجہد کی جائے گی۔