!کے سی آر حکومت کیخلاف اپوزیشن کا عظیم اتحاد

کودنڈا رام سے لائحہ عمل طے کرنے کانگریس اور تلگودیشم کی اپیل
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس حکومت کے مبینہ آمرانہ طرز عمل اور کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کے لئے ریاست کی اپوزیشن پارٹیاں اور ہم خیال سماجی تنظیمیں عظیم اتحاد قائم کرنے کا ارادہ کررہی ہیں۔ کل تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام کے ایک روزہ برت کے دوران اس تعلق سے غور کیا گیا۔ کانگریس، تلگودیشم اور دوسری پارٹیوں کے قائدین کودنڈا رام کی قیامگاہ پر سر جوڑ کر بیٹھے۔ ان قائدین کا احساس ہے کہ برسر اقتدار پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے انتشار کا فائدہ اٹھارہی ہے۔ یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ تمام اپوزیشن پارٹیاں مسائل کی بنیاد پر ایک پلیٹ فارم پر آجائیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مستقبل میں انتخابات بھی متحدہ طور پر لڑیں گی۔ تلگودیشم تلنگانہ یونٹ کے صدر ایل رمنا نے کہاکہ ابھی مذاکرات ابتدائی مرحلہ میں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ مخالف کے سی آر جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی تجویز گزشتہ چند ماہ سے زیرغور ہے۔ اب اس مقصد کے حصول کے لئے بات چیت کا عمل تیز ہوا ہے۔ انحراف سے اپوزیشن پارٹیوں کو نقصان ہوا ہے۔ صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسڈنٹ تلگودیشم تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے کودنڈا رام سے اپیل کی ہے کہ وہ کے چندرشیکھر راؤ سے مقابلہ کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کریں۔