کے سی آر تلنگانہ کو جاگیر تصور کررہے ہیں: ریونت ریڈی

انتخابی نتائج خاندانی حکمرانی کے خلاف، ملکاجگری کو مثالی حلقہ بنانے کا عزم
حیدرآباد۔24 مئی (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا ملکاجگری سے منتخب کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ کو ایک ریاست نہیں بلکہ اپنی جاگیر تصور کررہے تھے۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے سی آر کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ کے سی آر اور ان کے فرزند کے غرور اور تکبر کے نتیجہ میں اس طرح کے نتائج برآمد ہوئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ وہ حلقہ ملکاجگری کو ایک مثالی حلقے میں تبدیل کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے عوام کی جانب سے دیئے گئے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے اثاثہ جات میں اضافہ کیا۔ انہوں نے عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے خاندان کی بھلائی کی فکر کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح حلقے کے عوامی مسائل کی یکسوئی رہے گی۔ پارلیمنٹ میں وہ ریاست کی تقسیم کے موقع پر دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کیئے گئے تھے ان کی تکمیل کے لیے جدوجہد کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ملکاجگری کے عوام کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے جنہوں نے انہیں آشیرواد دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور کے سی آر کے رویہ کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے عوام نے انہیں منتخب کیا ہے۔ تلنگانہ کے مسائل پر وہ پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگری سے ان کی کامیابی دراصل ان طلبہ کی جدوجہد کا نتیجہ ہے جنہوں نے حصول تلنگانہ میں اہم رول ادا کیا تھا۔ تلنگانہ میں ریل کوچ فیکٹری کے قیام، ٹرائبل یونیورسٹی اور آئیرن انڈسٹری سے متعلق مسائل کو پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر نے تلنگانہ کے ساتھ کیئے گئے وعدوں کی تکمیل پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں اینگلو انڈین کو دیئے گئے تحفظات ختم کرنے کے لیے وہ آواز اٹھائیں گے۔ ان کی جگہ مخنسوں کو تحفظات فراہم کیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کنٹونمنٹ بورڈ ختم کرتے ہوئے اسے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل کرنے کی مساعی کی جائے گی۔ فوج کے اختیار میں موجود سڑکوں پر کسی رکاوٹ کے بغیر عوام کو راہداری کی سہولتیں فراہم کرنے اقدامات کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کامیابی کے بعد انقلابی شاعر غدر اور تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔