کے سی آر ۔ فرنویس آج تاریخی سمجھوتہ پر دستخط کریں گے

گوداوری پراجکٹوں کی تکمیل کیلئے حکومت تلنگانہ کی کامیاب مساعی
حیدرآباد ۔ 22اگست ( این ایس ایس ) گوداوری آبی پراجکٹس پر تلنگاہ اور مہاراشٹرا کے مابین 23اگست کو ممبئی میں ایک تاریخی سمجھوتہ پر دستخطیں کی جائیں گی ‘ جس کے تحت تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹوں کی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ گوداوری ‘ پین گنگا ‘ پرانہتا پراجکٹوں پر کئی دہائیوں سے جاری تنامعات کو حل کرتے ہوئے تمیڈی ہتھی ‘ اچم پلی اور لینڈی جیسے زیر تصفیہ پراجکٹوں کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ منگل کو مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فرنویس کے ساتھ اس تاریخی سمجھوتہ پر دستخط کریں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے سی آر پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ وہ مہاراشٹرا ‘ کرناٹک اور دیگر پڑوسی ریاستوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتے ہیں جن کے ذریعہ تمام زیر تصفیہ پراجکٹوں کو خوشگوار انداز میں مکمل کیا جائے گا ۔ وزیرآبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ہا کہ یہ پراجکٹس ایک طویل عرصہ سے تصفیہ طلب ہیں لیکن ماضی کی حکومتیں پڑوسی ریاستوں کے ساتھدوستانہ تعلقات برقرار رکھنے میں ناکام ثابت ہوئیں ۔ علاوہ ازیں ماضی کی حکومتوں نے تلنگانہ کے تئیں جانبداری و تعصب کا رویہ اختیار کیا اور آبپاشی شعبہ کی موجودہ حالت ماضی کی حکومت کے رویہ کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت پہلے ہی چند اہم اقدامات کرچکی ہے جس کے نتیجہ میں حکومت مہاراشٹرا بھی سمجھوتہ سے اتفاق کی ہے ۔ دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے تمام پراجکٹس بین ریاستی بورڈ کے تحت طئے کئے جاتے ہیں ۔ اس بورڈ میںدونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس ‘ وزرائے آبپاشی کے علاوہ دونوں ریاستوں اور مرکز کے متعلقہ عہدیدار شامل ہیں ۔ اس دوران اپوزیشن کانگریس نے اس سمجھوتہ کی مخالفت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کی ٹی آر ایس حکومت عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔