حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی ( پریس نوٹ ) صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن اسمبلی ڈاکٹر کے لکشمن نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو حدف ملامت بنایا اور کہا کہ چندر شیکھر راؤ ہمیشہ گمراہ کن بیانات دینے کے عادی ہوچکے ہیں ۔ لیکن تلنگانہ عوام اب ان کے ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں جس کی روشنی میں چیف منسٹر نے قبل از مدت انتخابات کروانے کے ارادہ کو ترک کردیا ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے چیف منسٹر سے دیگر پارٹیوں سے انحراف کر کے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی کو مستعفی کروا کر دوبارہ ضمنی انتخاب میں مقابلہ کروانے کا مطالبہ کیا ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کے سروے کے نتائج صحیح ہیں یا غلط ہیں عوام جلد بتادیں گے ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ ہمیشہ تلنگانہ عوام کی توہین کرنے جیسی باتیں کررہے ہیں اور پارٹیوں سے منحرف ہونے والے ارکان اسمبلی کی ہمت افزائی کررہے ہیں اور ادارہ جات مقامی کی کارکردگی کو خود کے چندر شیکھر راؤ نے انتہائی ابتر بنا رکھا ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے مرکزی حکومت کے وسنارک یوجنا پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر بی جے پی تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیر قیادت حکومت کی ناکامیوں کی تشہیری مہم چلا کر ریاست بھر میں زائد از 50 لاکھ افراد خاندان سے راست ملاقات کر کے حقائق سے واقف کروایا جائے گا ۔