چیف منسٹر کیلئے عوام کو نظرانداز کرنا بھاری پڑے گا : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کے سی آر کے دورحکومت میں تلنگانہ ترقی کے بجائے زوال کی طرف گامزن ہوگیا ہے۔ ٹی آر ایس کے میونسپل چیرمین پرکال ایم بھدرایا آج اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس پارٹی کے اصولوں سے اتفاق کرتے ہوئے حکمراں ٹی آر ایس کے بشمول دوسری جماعتوں کے قائدین و کارکن بھاری تعداد میں کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ 60 سالہ جدوجہد کا جائزہ لینے کے بعد سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ تلنگانہ کو ترقی دینے کے بجائے چیف منسٹر اپنے خاندان کو ترقی دیتے ہوئے غریب عوام کو نظرانداز کررہے جس کی انہیں قیمت چکانی پڑے گی۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ تلنگانہ عوام کے خوابوں کی تکمیل کرنے کے بجائے چیف منسٹر من مانی اور یکطرفہ فیصلے کرتے ہوئے ریاست کو لوٹ رہے ہیں۔ عوامی مسائل اور ریاست کی ضروریات کو فراموش کررہے ہیں جس مقصد کیلئے علحدہ ریاست حاصل کی گئی ہے۔ اس کو پورا کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں۔ مخالفین تلنگانہ کو اہمیت و عہدے دیتے ہوئے تلنگانہ تحریک کے ہیروز کی توہین کررہے ہیں۔